یاد سیدنا امیرحمزہ رضی اللہ عنہ

شیرِ حق ، عَمِّ سرکار حمزہ پیا
آپ ہیں دیں کے سالار حمزہ پیا

حال قومِ مسلماں کا ناشاد ہے
اہل حق پر زمانے کی افتاد ہے
تیری جانب اٹھی چشمِ فریاد ہے
اے ہمارے مددگار حمزہ پیا
شیرِ حق ، عمّ سرکار حمزہ پیا

میرے سرکار سے ہے قرابت تمھیں
شاہ دیں کی ملی ہے رفاقت تمھیں
کیوں نہ چاہیں پھر اہلِ محبت تمھیں
اے کمالوں کے شہکار حمزہ پیا
شیر حق ، عمّ سرکار حمزہ پیا

عزم و ہمت سے روشن تری زندگی
یاد ہے بدر میں سر فروشی تری
فوج کفار میں مچ گئ کھلبلی
ایسی تھی تیری یلغار حمزہ پیا
شیر حق ، عمّ سرکار حمزہ پیا
مرحبا مرحبا

ڈال دیجے عنایت کی ہم پرنظر
تاکہ چمکے شب زندگی میں سحر
قوم و ملت سے ہو دُور سارا ضرر
اے جری اور خوددار حمزہ پیا
شیر حق ، عم سرکار حمزہ پیا
مرحبا مرحبا

آپ کا ہے صحابہ میں ہے اونچا مقام
آپ کی ذات محبوب خیر الانام
آپ کی ہر ادا پر کروڑوں سلام
کیسا ہے اعلیٰ کردار حمزہ پیا
شیر حق، عم سرکار حمزہ پیا
مرحبا مرحبا

دین پر استقامت عطا کیجئے
قوم کو رنگِ جرأت عطا کیجئے
غازیانہ قیادت عطا کیجئے
راہ حق کے علمدار حمزہ پیا
شیر حق، عم سرکار حمزہ پیا
مرحبا مرحبا

تجھ سے یوں جگمگائ ہے خاک اُحُد
نَیَّرِ حق نوائ ہے خاک احد
شاد ہے جس نے پائی ہے خاک احد
ہے وہاں تیرا دربار حمزہ پیا
شیر حق ، عمّ سرکار حمزہ پیا
مرحبا مرحبا

عالَم سرفروشی کے اے تاجور
قائدِ زندہ دل ، اے شجاعت نظر
مانگتے ہیں فریدی کے جان و جگر
تیری سیرت کے انوار حمزہ پیا
شیر حق، عم سرکار حمزہ پیا

Leave a Comment