وحیِ الہی کا اَمیں آیا ہے

میری طرف سے جملہ احباب اہل حق کو ربیع النور شریف بہت بہت مبارک ہو
اللہ تعالی … عزت و وقار کے ساتھ آپ سب کو شاداں و فرحاں رکھے … اور ہر بلا و مصیبت سے بچاے

مرحبا فخرِ فلک ، فخرِ زمیں آیا ہے
قابَ قوسین کی منزل کامکیں آیا ہے

جسکی ہستی کو ملا ، جلوۂ لولاک لما
صـدفِ دہر میں ، وہ دُرّ ثمیـں آیا ہـے

مہ جبینوں سے بھلا کیسے ہو اُسکی تشبیہ
حُسن خود جس پہ فدا ہے وہ حسیں آیا ہے

غم سے روتی ہوئ دنیا کو ہنسانے کے لیے
پیکرِ رحم وکرم ، خندہ جبیں آیا ہے

چاہتا وہ تو ٹھہر جاتا کسی عالم میں
اُسکی حد درجہ عنایت ، وہ یہیں آیا ہے

لیکے سیرت میں بشیرًا وّ نذیرا کا جمال
خاتَمِ رُشد و ہدایت کا نگیں آیا ہے

نقشِ پاکیوں نہ بنیں فخـرِجہاں ، رَشکِ جناں
خاک پر مالکِ فردوسِ بریں آیا ہے

اُسکی ہر بات میں ہے شوکتِ "وَحیٌ یُّوحٰی”
دہر میں وحیِ الٰہی کا امیں آیا ہے

اے فریدی ! جو ہـے آئینۂ حسنِ خالق
جگمگاتا ہوا وہ نورِ مبیں آیا ہـے

خاتَم … انگوٹھی

از…فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان

Leave a Comment