عظمت سادات کرام

رضا کی بارگاہ میں بیٹھ کر، رضا کے آقاؤں کے نام … خراج عقیدت الحمد للہ یہ اشعار ،،،  بارگاہ رضا بریلی شریف  میں لکھے گیے ، 26 دسمبر 2016 بروز  دوشنبہ مبارکہ

ہر زمانـے میـں ہدایت کا سفینہ سادات
منزل حق پہ پہونچنے کا وسیلہ سادات

رشتۂ اٰل نبی ، رشتۂ خوں سـے بڑھکر
یعنی ہیں زینت ایمان و عقیدہ سادات

جنکی مرضی پہ ہے موقوف نبی کی مرضی
ناز  بـردارِ  شہنشــاہِ  مدینـہ سادات

جس سے روٹھیں ، وہ دوعالم کی خوشی سے محروم
جس سے راضی ہوں تو  چمکا دیں نصیبہ سادات

سچے سادات کی عظمت کا بھلا کیا کہنا
پتھروں کو بھی بنا دیتے ہیں ہیرا سادات

ہر اندھیرے میں سحر ، انکی دعا کے جملے
ہر شب غم میں اجالوں کا سکینہ سادات  

آنکھ والوں کی بصارت کی حدیں بڑھ جائیں
کور دیدہ کو بنا دیتے ہیں بینا سادات

پڑھیے آیات و احادیث میں اِنکی عظمت
شَرْف و اعجاز و کرامت کا خزینہ سادات

نرمی و صبرو رضا فقر و غنا جود و سخا
خوب رکھتے ہیں یہ اوصاف جمیلہ سادات 

اِس گھرانے کی محبت میں بندھے ہیں مومن
خاتـَمِ عظمتِ ملـت  کا نگـینہ سادات

اِنکی خدمت ، ہمـیں دارین کی خوش بختی ہے
حق تعالی کی عنـایت کا ذریعہ سادات

جنکی خوشبو سے معطر ہے فضاے عالم 
گلشن فضل خدا کے گل چیدہ سادات

جگمگاتے ہیں زمیں پر یہ ٍستاروں کی طرح
چشم افلاک بھی ہے جس سے خمیدہ سادات

جنکی صحبت سے سنور جاتی ہے ٹیڑھی فطرت
سبکو دیتے ہیں وفاؤں کا قرینہ سادات

خاک بوسی ہے یہاں وجہ عروج و رفعت
آپ کا در ہـے کـمالات کا زیـنہ سادات

 کیوں نہ خم  آپکے در پر ہو ہماری ہستی
ہم نے سیکھا ہے رضا سے یہ طریقہ سادات

آپکے گھر سے رضا نے وہ اجالا پایا
بزم خورشید بھی ہے جس سے دمیدہ سادات

خوبیاں آپکی ، ہم کیسے بیاں کرپائیں 
جب کـمالات ہی پڑھتـے ہیں قصیـدہ سادات

گرچہ ہے، نامۂ اعمال  ہمارا خالی
آپکے درکی گدائ ہے ذخیرہ سادات

اپنے قدموں سے سدا مجھکو لگاے رکھنا
صرف اتنا ہے فریدی کا عریضہ سادات

2 thoughts on “عظمت سادات کرام”

  1. ماشاء اللہ بہت عمدہ اشعار ہیں اللہ کریم اپنے حبیب کے کے صدقے میں آپکی عُمر میں علم میں عمل میں بے پناہ برکتیں رحمتیں نازل فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین

    جواب دیں

Leave a Comment