کونڈے کا تبرک دل تاب و جانفزا

تاجدار اولیاء ،، ہادئ ارباب حق ، محبوب مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم ،، مظہر علی مرتضٰی کرم اللہ وجہہ ،، حضرت سیدنا امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کے دربار اقدس میں خراج عقیدت


ملت کےرہنما ہیں،حضرت امام جعفر

سردارِ اولیا ہیں حضرت امام جعفر

کردارمیں جھلک ہے، انوارِ مصطفی کی
نورانی آئینہ ہیں حضرت امام جعفر

سیرت ہےانکی روشن ، آقا کی سنتوں سے
اللہ کی رضا ہیں حضرت امام جعفر

سینہ بسینہ پہونچی، حسنین کی وراثت
فرزندِ مرتضیٰ ہیں، حضرت امام جعفر

ہے گوہر عمل سے، پُرنور بزم تقویٰ
سلطان اصفیا ہیں حضرت امام جعفر  

اربابِ حق کا ہادی، ہراک قدم ہے انکا
اک جلوۂ ہُدٰی ہیں حضرت امام جعفر

کونین کی بلندی، ہےانکے نقشِ پا میں
محبوبِ مصطفی ہیں حضرت امام جعفر

ان سےہوئ دوبالا، سادات کی تجلی
اک نَیَّرِ صفا ہیں حضرت امام جعفر

صدیق کےکرم سے، انکا لقب ہےصادق
فاروق کی عطا ہیں حضرت امام جعفر

کونڈےکا یہ تبرک دل تاب و جاں فزا ہے
ایمان کی ضیا ہیں حضرت امام جعفر

ہوخوب ذکر انکا، قرآں میں ہے "فَحَدِّث”
اک نعمت خدا ہیں حضرت امام جعفر

ہستی کےپھول سارے، اب تک مہک رہے ہیں
گلزارِ اِتّقا ہیں حضرت امام جعفر

ہےانکےباغیوں کو،دارین کا اندھیرا
نورِ دلِ وفا ہیں حضرت امام جعفر

جو کچھ بھی اُن سے مانگا، ہمکو ملا، فریدی
عثمان کی سخا ہیں حضرت امام جعفر


از فریدی صدیقی ،  مصباحی ، بارہ بنکوی

Leave a Comment