لفظِ اُمّی کے ذریعے نبیﷺ کے علم پر انگلی اٹھانے والوں کا رد
ہر چیز جانتا ہے وہ اُمّی رسول ہے
قرآں کا آئینہ ہے وہ اُمّی رسول ہے
اپنی طرف سے اُس کی زباں بولتی نہیں
یُوحؔیٰ سے لب کُشا ہے وہ اُمّی رسول ہے
تابندہ اس کے سر پہ ہے تاجِ وَعَلَّمکْ
آیا پڑھا لکھا ہے وہ امی رسول ہے
اُسکی زباں کےآگے فصاحت ہے سجدہ ریز
لہجہ بتا رہا ہے وہ اُمّی رسول ہے
جس کے لبوں پہ لا نہیں سائل کے واسطے
یُعْطِیکْ کی صدا ہے، وہ اُمی رسول ہے
رب نے بنایا عالِم تفصیلِ کلِّ شیئ
تِبْیان کی ضیا ہے وہ اُمّی رسول ہے
ہاتھوں میں ہیں زمیں کے خزانوں کی کنجیاں
کوثر جسے ملا ہے وہ اُمّی رسول ہے
اللهُ یَجْتَبِی نے اسے دی ہے فوقیت
جانِ مَنِ ارْتَضٰی ہے وہ اُمّی رسول ہے
کیا ہو چکا جہان میں، کیا ہونے والا ہے
سب کچھ اُسے پتہ ہے وہ اُمّی رسول ہے
دنیا میں کون ہے جو اُسے کچھ سِکھا سکے
رب سے پڑھا ہوا ہے وہ اُمّی رسول ہے
تدبیر و علم وفہم و بصیرت کا سارا نور
جس نے ہمیں دیا ہے وہ اُمّی رسول ہے
جس کی نگاہ ، دیدِ الہی کی ہے امین
مَہر لَقدؔ رَاٰی ہے وہ اُمّی رسول ہے
اقصٰؔی میں صف بصف ہیں رسول و نبی تمام
جو سب کا مُقتدا ہے وہ اُمّی رسول ہے
تخلیقِ کائنات ہوئ جس کے واسطے
لَولَؔاکْ کی ضیا ہے وہ اُمّی رسول ہے
روشن ہیں اُسکی حَدِّ بصارت میں دوجہاں
جو چاہے دیکھتا ہے وہ اُمّی رسول ہے
اُمّی نبی کا معنیٰ نہ سمجھے وہابیہ
جو غیب بولتا ہے وہ اُمّی رسول ہے
مولیٰ نے اِس لقب سے بڑھائ نبی کی شان
جو سب کا رہنما ہے وہ اُمّی رسول ہے
مہمانِ عرش و سدرہ و فردوس و لامکاں
جو واصلِ دَنؔا ہے وہ اُمّی رسول ہے
ہے إنَّماؔ بُعِثتُ مُعلّم کی درسگاہ
جو علم بانٹتا ہے وہ اُمّی رسول ہے
جس کی حیاتِ پاک، اَزل سے ابدتلک
مینارۂ ھُدیٰ ہے وہ اُمّی رسول ہے
سارے جہاں میں دھوم ہے جس کے علوم کی
جو مظہرِ خدا ہے وہ اُمّی رسول ہے
آدم کی اصل بھی وہی، ختم الرُّسُل وہی
جو فخرِ انبیاء ہے وہ اُمّی رسول ہے
کیا شان ہے فریؔدی کہ اُس ذاتِ پاک کا
ہر پہلٗو معجزہ ہے وہ اُمّی رسول ہے
فریؔدی صدیقی مصباحی







