ذکرِ حُسین قوّتِ ایماں

Zikre Husain Quwwat e iman

اسلام کےعروج کاپرچم حسین ہیں
حقانیت کے نقشِ مُعظّم حسین ہیں

مہکی ہےجس سےصبروعزیمت کی کائنات
انسانیت کے وہ گُلِ اکرم حسین ہیں

پھیلی ہےشَشْ جِہاتْ میں سیرت کی روشنی
نورِ چراغِ محفلِ عالَم حسین میں

سُرخی ہےآسماں کے کناروں پہ اس لیے
اعداے دیں پہ آج بھی برہم حسین ہیں

جاری ہے ہر یزید سے اب بھی مقابلہ
حق کی ڈگرپہ سب سےمُنظّم حسین ہیں

ملتاہے اُن کے در سے نئی زندگی کا جوش
عزم و یقیں کےجلوۂ مُحکَم حسین ہیں

ذکرِحسین ، قوتِ مومن کا ہے سبب
تاحشر ایک جرأتِ پیہم حسین ہیں

دنیا حسینیوں پہ کرے لاکھ بندشیں
ہرکربلا میں فیض کے زمزم حسین ہیں

مایوسیوں میں حوصلہ دیتی ہے ان کی یاد
رنج و اَلَم میں صبر کے مرہم حسین ہیں

نام یزید ، ذلت و لعنت کا اک نشاں
چرخِ شَرَف کے نیّر اعظم حسین ہیں

حُبِّ حسینِ پاک ، مدارِ نجات ہے
یعنی کہ آخرت میں بھی ہمدم حسین ہیں

اُن کی ڈگر ، رضاے الٰہی کا راستہ
تفسیرِ” لِلَّتِيْ هِيَ أَقْوَمْ "حسین ہیں

ان کی حیاتِ پاک کا ہر باب لاجواب
بیشک دعاے نورِمجسم حسین ہیں

کردار میں ہیں صبروشجاعت کی جھلکیاں
خوے عَلِی و زہرا کے،سنگم حسین ہیں

اِس ماہ کو بھی نسبتِ شبیر پر ہے ناز
وجہِ وقارِ ماہِ مُحَرَّم حسین ہیں

ہوگی نہ کم ، فریدی ! ثنائے حسینیت
فکر و زباں پہ سب سےمقدم حسین ہیں

 

شَش جہات.. ہر طرف
محفل آدم.. نسل آدم، سارے انسان
جرأتِ پیہم ۔۔ مسلسل جوش وہمت

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔