ذکر اسماعیل علیہ السلام

باغِ خلیل کےشجرِجلیل حضرت سیدنا اسماعیل علٰی نبینا علیهم الصلٰوۃوالتسلیم کی بارگاه میں خراجِ عقیدت

جوہرِ ایثار ہے تابِنده اسماعیل کا
جذبۂ صبرو رضاہے زندہ اسماعیل کا

راہِ حق میں انکی قربانی ہے ایسی بے مثال
اب بھی عالَم ہے،قدم بوسِندہ، إسماعيل کا

اُنکی سیرت ہے مُعلِّم ، مکتبِ ایثار کی
جلوۂ کردار ہے پائِنده اسماعیل کا

نکلے ہیں آغوشِ ابراہیم سے ان کے سحاب
دوجہاں پر فیض ہے بارِنده اسماعیل کا

جلوه آرائی ہے یہ سب مصطفٰی کے نور کی
اِس لئے خورشید ہے رَخشِنده اسماعیل کا

آجتک تازہ ہیں سب منظر ہزاروں سال سے
ذکر ہوگا تا ابد ، آئندہ اسماعیل کا

اُنکا صدقہ کها رہے ہیں اہل ایماں آج بهی
نام ہے لطف و کرم بخشِنده، اسماعیل کا

تاابد درسِ وفالیتےرہیں گے اہل حق
قصہ ہے تاریخِ نو سازِنده اسماعیل کا

اُس پہ چل سکتےنہیں شیطان کےمکروفریب
ہوگیا جو بهی کرم یابِنده اسماعیل کا

وقت کےظالم سےکہہ دو،آزمانا چھوڑ دے
ہو نہیں سکتا گدا لغزِندہ اسماعیل کا

رجم کرتا ہی رہوں گا، ہر لعینِ وقت کو
میرا دستِ عشق ہے کارِنده اسماعیل کا

انکےعاشق ہرجگہ پائیں گے عزت کا مقام
ہرجگہ ہوگا عدو شرمنده، اسماعیل کا

مٹ نہیں سکتےکبھی اُنکی عقیدت کے نقوش
ہےزمانہ آج بھی، جوئِندہ اسماعیل کا

اے فریؔدی ! یہ سعادت توشۂ دارین ہے
فضل رب سے ہوں ثنا گوئنده اسماعیل کا
°°°°°
بوسِندہ .. چومنےوالا
پائندہ .. باقی رہنے والا
بارِندہ .. برسنے والا
رخشِندہ .. چمکنے والا
سازِندہ .. بنانے والا
یابِندہ .. پانے والا
لغزِندہ .. پھسلنے والا
کارِندہ .. کارکُن
جوئِندہ .. ڈھونڈنے والا
گوئِندہ .. کہنے والا

Leave a Comment