مفتیہ ،قاضیہ، عابدہ، زاہدہ، طیبہ، طاہرہ، سیدہ، راحتِ قلبِ مصطفیٰﷺ ، روح و جانِ جانِ عالمﷺ، ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی شان میں نغمۂ عقیدت
علم و حکمت کی کوہ گراں عائشہ
اہل ایماں کی ہیں پیاری ماں عائشہ
رب نے انکو چُنا، مصطفیٰ کیلئے
میرے سرکار کی روح و جاں عائشہ
انکی سیرت، تقدس کا اعلٰی نصاب
رہبـر کاروانِ زَنان عائشہ
بے شمار انکے احسان ملت پہ ہیں
اک ہلال ہدایت رساں عائشہ
اپنی دانائی میں وہ فقید المثال
ہیں بڑی نکتہ بیں ، نکتہ داں عائشہ
حور و غلماں کو انکی ادائیں پسند
زہد میں نازشِ قدسیاں عائشہ
مشکلوں میں نہ ٹوٹا کبھی حوصلہ
قصر باطل میں حق کی اذاں عائشہ
وہ زمیں پر ہیں، یہ ہے ہمارا نصیب
ورنہ عظمت کی ہیں آسماں عائشہ
انکی ہستی کا ہر رخ عظیم و جلیل
ہیں کمالوں کی اک کہکشاں عائشہ
ان سے مَروی احادیثِ خیرالانام
تا ابد، حق کی مَہرِ عیاں عائشہ
مصحف حق میں ہے انکا ذکر جمیل
شان و شوکت کی بحر رواں عائشہ
باپ صدیق، شوہر امام الرسل
تجھ پہ قرباں زمین و زماں عائشہ
تیرے حجرے میں قبرِ رسالتماٰب
تیرا گھر مصطفیٰ کا مکاں عائشہ
روشنی ہے فریدی کے افکار میں
نام ہے تیرا وِردِ زباں عائشہ