شبِ قدر آئی

shabe qadar aai by fareedi misbaahi

فضا جگمگائ ، شـبِ قـدر آئی
خوشی سب پہ چھائ، شبِ قدر آئی

عزیز و اقارب گلے مل رہے ہیں
مبارک ہو بھائی ، شب قدر آئی

خدا کی عنایت کے بکھرے ہیں جلوے
ہے روشن خدائ، شب قدر آئی

فرشتوں کو روح الامیں لیکے اترے
صدا یہ لگائی ، شب قدر آئی

معافی کے گُل دے کے رشتے نبھاؤ
بُھلادو لڑائی ، شب قدر آئی

کہا رب نے ” مِن کلِّ امرٍ سلٰمُُ ”
بڑا فیض لائ ،  شب قدر آئی

یہ وہ پیاری شب ہے کہ جسکی فضیلت
نبی نے بتائی ، شبِ قدر آئی

بدوں کو بھی اِس رات نیکی کے صدقے
ملی پارسائی ، شب قدر آئی

مبارک سلامت کے گونجے ترانے
سبھی کو بدھائی، شب قدر آئی

کرم کی مسرت سے معمور ہے دل
بھری غم کی کھائی، شب قدر آئی

ندامت کے اشکوں سے نیکوں کی منزل
بدوں نے بھی پائ، شب قدر آئی

مسلماں کی حالت پہ رحم و کرم کر
اے مولیٰ دہائی  ،  شب قدر آئی

عطا پر عطا دیکھ کر اے فریدی
طلب مسکرائی ، شبِ قدر آئی

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔