ہمیں تو مار گئ یہ مُجاوِرانہ رَوِش
خدا عطا کرے ہمکو مجاہدانہ رَوِش
اِسی سے ماضی میں ہم نے مقابلے جیتے
نصابِ عزت و عظمت ہے غازیانہ رَوِش
دلوں میں حبّ نبی، جان و سر ہتھیلی پر
ہمیں ہے یاد صحابہ کی فاتحانہ رَوِش
اٹھو بڑھو چلو ہم مِل کے احتجاج کریں
ہے اقتدار شکن یہ بہادرانہ رَوِش
جہاں پہ جو ہے وہیں سے صدا بلند کرے
وگر نہ سب کو مٹائے گی، غافلانہ رَوِش
اگر ہے موت تو دشمن کے دل ہلا کے مَرو
ہے موت ، موت سے پہلے ہی، بزدلانہ رَوِش
جو مانگنے پہ نہ پاؤ تو چھینو حق اپنا
نہیں تو کچھ نہیں دے گی یہ سائلانہ رَوِش
تمہارے ساتھ سدا نصرتِ الٰہی ہے
مگر ہے شرط کہ اپناؤ مومنانہ رَوِش
جو گھر کی بات ہے گھر میں ہی اسکو رکھا جائے
یہ راہ خیر ہے ، یہ ہے مُدَبّرانہ رَوِش
اگر برے بھی ہیں اپنے ، تو غیر سے اچھے
ہو اُن کے ساتھ ہمیشہ ہی مصلحانہ رَوِش
کبھی نہ ہم کسی دشمن سے جیت پائیں گے
اگر ہے اپنوں میں باہم مناظرانہ رَوِش
اتارا جائے گا اک روز تخت سے ظالم
اُسے مٹائے گی خود اُسکی ظالمانہ رَوِش
تو پھر جلے گا تباہی کی آگ میں یہ ملک
اگر نہیں چلے حکام ، مُنصِفانہ رَوِش
ہمارے صبر و تحمل کا امتحان مت لو
وگر نہ ہم کو معلوم ہے جارحانہ رَوِش
دلیری، ہار کو بھی جیت میں بدلتی ہے
ستم میں جرأت و ہمت ہے مومنانہ رَوِش
بہادروں کو مصائب سے ڈر نہیں لگتا
کہ ضرب وحرب میں پلتی ہے غازیانہ روش
شیوخِ وقت سے فریاد ہے فریدی کی
نکل کے گھر سے چلیں اب وہ قائدانہ رَوِش








ماشاء الله تعالى مبارك هو
بہت خوب جناب
وقت کی ضرورت ہے
ماشاءاللہ بہت عمدہ لاجواب حضرت