لاک ڈاؤن میں مساجد سے دوری پر …. نمازیوں کا دردِ دل اور دعا،
آہ .. یہاں کل تیسرا جمعہ ہوگا جس پر روک برقرار ہے …
فریدی
ہم سے یہ آسرا نہ دور کرے
اپنے گھر سے خدا نہ دور کرے
مسجدوں سے سنورتی ہے امت
مولیٰ یہ آئینہ نہ دور کرے
رحمتوں کے یہ باب، بند نہ ہوں
اور کبھی داخلہ نہ دور کرے
اِس کے صدقے ہوں دُور سب آفات
رب یہ دار الشفا نہ دور کرے
جانا آنا سدا رہے قائم
فضل کا سلسلہ نہ دور کرے
رو پڑے جس کے ہجر سے مومن
حق وہ جنت کدہ نہ دور کرے
اِس سے دوری سزا سی لگتی ہے
اِس سے مولیٰ مرا ، نہ دور کرے
روح کے داغ جس سے مٹتے ہیں
ایسی بزم صفا نہ دور کرے
چین پائیں گے پھر کہاں بیچین
رب یہ غم کی دوا نہ دور کرے
گونج باقی رہے اذانوں کی
یہ کرم کی صدا نہ دور کرے
رب ہماری خطائیں کردے معاف
یہ حَریمِ رضا نہ دور کرے
ہم فریدی دعا کریں رب سے
اپنا باب عطا نہ دور کرے







