اذان دو

مصیبتوں کے دَور میں دیگر تدبیروں کے ساتھ اذان بھی دافعِ  آفات و بلیات ،  سببِ رحمت الٰہی ، اور باعث شفا ئے امراض ہے ،موجوہ حالات میں جملہ اہل ایمان ، اذان کا اہتمام کریں، بطور خاص آج رات نو بجے ہر گھر سے اذان کی صدا بلند ہو  ،،، تاکہ اللہ تعالی اِس  وبا  سے  بھارت  سمیت  دنیا بھر کے انسانوں کی حفاظت فرمائے ،،،

ہر سٗو ہوں جب وباؤں کے سائے، اذان دو
دنیا مریض ہو تو دوائے اذان دو

طوفاں کو موڑنے کی توانائی اِس میں ہے
گَردِش کبھی جو آنکھ دِکھائے، اذان دو

پھر بجلیاں نہ برسیں گی، فیضان برسے گا
بادَل مصیبتوں کا جو چھائے، اذان دو

ہر روشنی سے بڑھ کے اُجالا اذاں کا ہے
بـے نور ہے جہاں، تو ضیائے اذان دو

رَدِّ بلا ، بہارِ عطا ، نسخۂ شفا
ہیں کتنے فیض اِسمیں سمائے، اذان دو

مُرجھائی کائنات میں آئے گی تازگی
جب مشکلوں کی دھوپ ستائے اذان دو

یہ راستہ ہے قہر و غضب سے نجات کا
چشمِ طلب میں اَشک سجائے ، اذان دو

تم کو اگر سُجھائی نہ دے زندگی کی راہ
جب دَور مشکلات کا آئے، اذان دو

یہ خوشنما ترانہ ہے اسلام کا شِعار
نغمہ کبھی یہ رکنے نہ پائے، اذان دو

کمزور اِس سے ہوتے ہیں دشمن کے حوصلے
ایمانی ولولوں سے صدائے اذان دو

نغمہ ہو ساتھ ساتھ درود و سلام کا
عشقِ نبی جگر میں بسائے اذان دو

دَرکار ہیں فریدی اگر مُسکراہٹیں
تم آہ اور فُغاں کے بجائے ، اذان دو

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔