آمد رمضان المبارک

ramzan shayari by fareedi misbahi

بحمدہ تعالی ،  رمضان المبارک کی آمد ہونے والی  ہے ،، روحانی و جسمانی فیوض و برکات سے بھرپور یہ عظیم مہینہ  ان شاءاللہ تعالی ہم پانے والے ہیں،
لہذا … آئیے ہم دعا کریں کہ اللہ تعالی ، ہمیں خوب خوب عبادات کی توفیق عطا فرماے، ہرطرح کے گناہوں اور بری باتوں سے ہمیشہ محفوظ رکھے، پوری امت مسلمہ آفات و بلیات سے  مامون رہے ،،، آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم
"” "” "” "”

کرتا ہے کرم ، ہم پہ خدا ، اور زیادہ
رمضان میں ہوتی ہے سخا اور زیادہ

لگ جائیں سبھی طاعتِ مولٰی میں شب و روز
ملتـا ہـے  عـبـادت کا صـلـہ ، اور زیادہ

اشکوں سے مناجات کی تسبیح بنائیں
ہم پائیں گے پھر رب کی رضا اور زیادہ

اللہ نـے ابـوابِ کــرم کھول دئیـے ہیں
اِس ماہ میں ہے رب کی عطا اور زیادہ

کرلیجیے سانسوں پہ رقم ذکر و تلاوت
آجائے گی ہستی میں جِلا اور زیادہ

پہنائیں دل و روح کو اخلاص کی پوشاک
رب دے گا ہمیں عِزّ و عُلا اور زیادہ

کیا شان کریمی ہے کہ اِس ماہ کے اندر
ہوتـے ہیـں گنـہگار ” رِہا ” اور زیادہ

فرضوں کے برابر ہے یہاں نفل کا درجہ
ہر خیـر کی ملتی ہے جزا ، اور زیادہ

سجتی ہے زمیں پرجو تراویح کی محفل
قـرآں سـے مہکتی ہـے فضا اور زیادہ

اخلاص سے جسکی بھی جھکی رہتی ہے گردن
ہو جاتا ہے وہ شخص بڑا اور زیادہ

ہے سب سے الگ، سحری و افطار کی لذت
بڑھ جـاتا ہے نعمـت کا مزہ اور زیادہ

صد شکر کہ مولٰی نے دیا ایسا مہیـنہ
ہم سب رہیں مصروفِ ثنا اور زیادہ

مانگو ! درِ رحمٰن سے مل جائیگا سب کچھ
مقبـول ہے صائـم کی دعا اور زیادہ

مدَھم نہ کسی حال میں اب ذوق عمل ہو
فطرت میں ہوتسلیم و رضا، اور زیادہ

مائل ہے عبادت پہ طبیعت، اے فریدی
ہـے خانۂ ہستی میں ضیا ، اور زیادہ

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔