ممتاز ادیب و محقق اہلسنت ، مصنف کتب کثیرہ ، یادگارِ اسلاف ، نازش اہلِ قلم ، گوہر فقہ و افتا ، خلیفۂ تاج الشریعہ حضرت علامہ مفتی ارشاد ساحل مصباحی سہسرامی علیہ الرحمہ سابق استاذ جامعہ اشرفیہ مبارکپور ، کے وصال پر تعزیت
مہِ چرخِ ادب ، ارشاد ساحل
سِدھارے سٗوے رب ارشاد ساحل
رواں چشمِ الَم سے اشکِ فرقت
فُغانِ قلب و لب، ارشاد ساحل
تھے اک مصباحِ فیضانِ عزیزی
یہی کہتے ہیں سب، ارشاد ساحل
ہلال آسماں ، تحریر ان کی
ضیاے چشمِ شب ارشاد ساحل
رگوں میں خوں کے بدلے روشنائ
قلم کے ذی نسَب ارشاد ساحل
محقق اور مفکر کی ضرورت
ادیبوں کی طلب ارشاد ساحل
بنے کتنوں کی خاطر راہِ فن میں
بلندی کا سبب ، ارشاد ساحل
ہمارے بیچ ہیں وہ یاد بن کر
گئے دنیا سے کب ارشاد ساحل
کتابوں اور مقالوں کے جہاں میں
رہیں گے زندہ اب ارشاد ساحل
قلم مشہور اُس گوشہ نشیں کا
ادیبِ خوش لقب ارشاد ساحل
رضا کے فیض سے اعداے دیں پر
تھے اک برقِ غضب ارشاد ساحل
لحد میں پائیں وہ فضلِ خدا سے
گلِ عیش و طرب ارشاد ساحل
جہانِ فقہ و افتا میں فریدی
فقیہِ منتخَب ارشاد ساحل