حج سیریز(3)جملہ حاجیوں کو سفر حج مبارک

حج و عمرے کا سفر ایک مومن کیلیے معراجِ حیات اور اعزاز زندگی ہےمیں تمام حجاج کرام کو تہ دل سے مبارکباد دیتا ہوں دعا ہے کہ اللہ  تعالی سب کی حاضری قبول فرماکر دارین کی مسرتیں عطا فرماے  اور ہمیں بھی زیارت حرمین شریفین سے مشرف فرماےآمینے پر ان خوش نصیبوں کے لیے بطور  تہنیت ، اشعار ملاحظہ فرمائیں 


خدا کا فضل، نبی کی عنایتوں کا سفر
عظیم تر ہے مدینے کی وادیوں کا سفر

بُلاوا آیا ہے عرشِ کرم سے اِن کے لیے
خوشانصیب یہ ہے کتنی عزتوں کا سفر

خوشی کےمارے زمیں پر قدم نہیں پڑتے
کہ ہونےوالا ہےطیبہ کے راستوں کا سفر

بنیں گے نور کے مہماں یہ پیکر خاکی
ہےجگمگاتا ہوا، یہ وجاہتوں کا سفر

مدینے مکےکو جانا، حیات کی معراج
ہے پستیوں کی طرف سے بلندیوں کا سفر

فلک بھی دیکھ رہا ہے نگاہ حیرت سے
بلند اتنا ہے زائر کی قسمتوں کا سفر

مرے عزیزو یہ مژدہ تمہیں مبارک ہو
کہ یہ سفر ہے دو عالم کی شوکتوں کا سفر

ملے گا حاجی کو دارین کا عروج و کمال
ہےزندگانی کاحاصل، یہ عظمتوں کا سفر

قدم قدم پہ سحاب کرم برستا ہے
ہر اک سفر سے ہے بڑھکر یہ رحمتوں کا سفر

جہاں سے چمکے زمانے کے مہر و ماہ و نجوم
تمہارے حصے میں آیا وہ طلعتوں کا سفر

ہےخوش نصیبی کہ اُس در کےتم سوالی ہو
جہاں ٹھہرتا ہے عالم کی حاجتوں کا سفر

کوئ نہ پیدا ہوا اُن سا کامل واکمل
نبی پہ ختم ہوا جملہ خوبیوں کا سفر

قدم بڑھاؤ بصد شوق جاؤ بسم اللہ
ہوا شروع تمہاری فضیلتوں کا سفر

نبی کے در کی زیارت ہے خلد کا مژدہ
بہت بہت ہو مبارک یہ جنتوں کا سفر

شہِ عرب سے ہمارا سلام بھی کہنا
وہاں پہنچ کےجوحاصل ہو قربتوں کا سفر

نگاہ شوق ترستی ہے دید کی خاطر
کرادیں آقا ہمیں بھی زیارتوں کا سفر

گلِ دعائے فریدی بھی پیشِ خدمت ہیں
نہ ختم ہو یہ تمہاری سعادتوں کا سفر

 
از محمد سلمان رضا فریدی صدیقی مصباحی بارہ بنکوی مسقط عمان

1 thought on “حج سیریز(3)جملہ حاجیوں کو سفر حج مبارک”

Leave a Comment