قربانی وہی قبول ہے جو ریاکاری سے پاک ہو ،عید الاضحٰی کے موقعے پر جانوروں کی قربانی کے ساتھ ، ہم اپنے اندر کی ہربرائ کو بھی ختم کرنے کا عہد کریں اور اپنا تن من دھن، سب کچھ رضائے مولٰی پر نثار کرنے کا جذبہ پیدا کریں ، یہی کامل قربانی ہے
ہم اپنی ساری غفلت کو چلو قربان کر ڈالیں
مزاجِ بے مُرَوَّت کو چلو قربان کر ڈالیں
نہ ہوں ہم مطمئن ، بس جانور قربان کرنے سے
بدی کرنے کی عادت کو چلو قربان کر ڈالیں
بتاتی ہے ہمیں یہ "لَن یَّنَالَ اللہ” کی آیت
غَرَض آلُود نِیّت کو چلو قربان کر ڈالیں
رضاے رب ، رضاے مصطفٰی سب سے مقدم ہو
یہاں ہم اپنی چاہت کو چلو قربان کر ڈالیں
گَلا کاٹیں ، اِسی قربانی میں اپنی ” اَنَا ” کا بھی
تکبر اور نَخوت کو چلو قربان کر ڈالیں
ہمارے واسطے یہ درس لے کر بقر عید آئی
کہ ہر دنیاوی رغبت کو چلو قربان کر ڈالیں
ہماری اپنی مرضی کا نہ کوئ دخل ہو اِس میں
شریعت پر طبیعت کو چلو قربان کرڈالیں
اگر چلنا ہے ابراہیم و اسماعیل کے رستے
زمانے کی ہر الفت کو چلو قربان کرڈا لیں
چلو ہم مُتّحِد ہوکر ، کریں باطل کی سر کوبی
ہر اک شکوہ شکایت کو چلو قربان کر ڈالیں
کھڑے ہوں جرأتوں سے قوم وملت کی مدد کو ہم
خموشی اور دہشت کو چلو قربان کرڈالیں
دلیری اور خودداری میں پنہاں ہے وقار اپنا
تَمَلُّق اور لَجاجَت کو چلو قربان کرڈالیں
ہمارا ہر عمل ، اخلاص ہی کے دائرے میں ہو
ریاکاری کی فطرت کو چلو قربان کرڈالیں
بَراہیمی صفت پیدا کریں کردار کے اندر
جہاں کی ہر محبت کو چلو قربان کر ڈالیں
ذبیحُ اللہ سے سیکھیں اطاعت آشنائی ہم
کہ جان و دل کی ثَروت کو چلو قربان کر ڈالیں
ہمارا جینا مرنا ، ہو فقط اللہ کی خاطر
ہر اک خواہش کو ، لذت کو چلو قربان کر ڈالیں
فریدؔی ! عشق پراعمال کی بنیاد رکھ کر ہم
خِرَد کی ساری حُجَّت کو چلو قربان کر ڈالیں