اے رئیس القلم

ناشر فکر رضا ، قائد دین و ملت، کوہِ عزم و ہمت ، نازش عالم اسلام ، آبروے اہلسنت ، قاطع نجدیت ، فخر اہل سخن ، پیکر علم وفن ، رئیس القلم حضرت علامہ ارشد القادری علیہ الرحمہ کی شان

راہِ اخلاص پر، نقش تیرے قدم، اے رئيس القلم
ہے شبستانِ حق، تیرا فکری حرم، اے رئيس القلم

جرأتوں کے جَبَل، راہِ حق پر اَٹَل، کوہِ فکر و عمل
قائدِ حق نوا ، خامۂ حق رقم، اے رئيس القلم

تہمتوں کا دھواں، لاکھ اٹھائے کوئ، دھول اڑائے کوئی
تیرے ایثار کا نور ہوگا نہ کم، اے رئيس القلم

گاہ دشمن کی زد، گاہ ضربِ حسد، پر اے دیں کے اَسَد
تیری ہمت کے پیکر میں آیا نہ خَم، اے رئيس القلم

شانِ علم و ہنر ہے نرالی تری، ارشد القادری
حشر تک ہے رواں تیری حکمت کا یَم اے رئیس القلم

گرمئ نبضِ ملت ہے تیرا سخن، خامہ و فکر و فن
تونے رکّھا سدا اہلِ حق کا بھرم، اے رئيس القلم

قوم کو آپ کی پھر ضرورت ہے آج،. اے بصیرت کے تاج
لے کے آ جائیے رہبری کا عَلَم، اے رئيس القلم

تیری ہیبت سے ہے زلزؔلہ نجد پر، سب ہے زیر وؔ زبر
تیری تعزؔیر ہے اُسکی قسمت کا غم، اے رئيس القلم

جامِ فکر رضا، پی کے جب تو چلا، پھر نہ پیچھے ہٹا
روک پایا نہ پھر کوئ سنگِ الم، اے رئیس القلم

سوزِ عشقِ نبی میں کٹی زندگی، پھر وہ طلعت ملی
ماند ہوگا نہ اب تیرا مَہرِ حَشَم، اے رئیس القلم

تجھ پہ رحمت ہو اے محسنِ سُنِّیت، نازِ مصباحیت
بارگاہِ عزیزی کے فیضِ اَتَم، اے رئيس القلم

ہے نصابِ عمل حق نوائ تری، بے رِیائ تری
تیرے کردار پر ناز کرتے ہیں ہم، اے رئیس القلم

کیجیے ارمغانِ فریؔدی قبول، اے محبِّ رسول
شمعِ دل کو ملے، نورِ چشمِ کرم، اے رئيس القلم

Leave a Comment