صدرالشریعہ بے مثال

فیضان لازوال ہے صدرالشریعہ کا
کردار با کمال ہے صدر الشریعہ کا

اُمّت کو دی "بہارِ شریعت” کی تازگی
احساں یہ بے مثال ہے صدر الشریعہ کا

عظمت کی اک کتاب ہے، اُن کی حیاتِ پاک
ہر پہلو خوش جمال ہے صدر الشریعہ کا

جوہر وہی ، نظر وہی ، دینی تڑپ وہی
عکسِ رضا ، کمال ہے صدر الشریعہ کا

دشمن ، چراغِ حُبّ نبی کیا بجھائیں گے
کوہِ وجود ڈھال ہے صدرالشریعہ کا

جس سَمت چل پڑے ، وہ زمیں جگمگا اٹھی
ہر نقشِ پا ہلال ہے صدرالشریعہ کا

ہے نسلِ امجدی میں وہی رنگ و بٗوے فن
تازہ گلِ عیال ہے صدرالشریعہ کا

علامۂ کبیر ، ضیاے جہانِ فن
یکتا ہنر میں لال ہے صدر الشریعہ کا

پہلے سے بھی زیادہ، وہ ہم سے قریب ہیں
کیسا یہ انتقال ہے صدر الشریعہ کا

سوچا اُنھیں فریدی ! تو روشن ہوا دِماغ
مثلِ قمر ، خیال ہے صدر الشریعہ کا

Leave a Comment