عاشورہ ایک عظیم یادگار

درِ رسول کا فیضِ عظیم عاشورہ
خدا کےفضل وکرم کا حَرِیم عاشورہ

ورق ورق میں حکایات رحمتِ باری
عطائے رب کی کتابِ ضَخیم عاشورہ

خلیل ویونس ویعقوب کی دعاکی بہار
تبرکات رسل ،،، کا قسیم عاشورہ

اِسی میں موسٰی کو فرعون سےنجات ملی
وہ دن تھاجب ہوا دریا دو نِیم "عاشورہ”

ملی ہےاِسکے سفینے کو نوح کی برکت
ہے سبکے جُودی دل پر مقیم عاشورہ

خدا کی رحمتیں جس سے کلام کرتی ہیں
کرم کے طور کا ہے وہ کلیم، عاشورہ

جھلک رہےہیں کمالاتِ صالح وآدم
لٹا رہا ہے ،،، بہشتی نعیم عاشورہ

حسینیوں کیلئے ،، قائدِ عظیم ہے یہ
چلا رہا ہے ،،،، رہِ مستقیم عاشورہ

ہیں جسکے پہلومیں تخلیق کے کیء گلشن
وجودِ کون ومکاں کی نسیم ،، عاشورہ

یہ کھول دیتاہے عقل وشعور کی گرہیں
کہ ہم کو دیتا ہے ،،،فکر سلیم عاشورہ

نہ کیوں ہم اِس میں دعاؤں کا اہتمام کریں
ہے یادگار عظیم و قدیم عاشورہ

گناہ گاروں کی بخشش کا دورہےجاری
ہے ایک تحفہ ربِّ رحیم ،،، عاشورہ

چلوچلو ! اے مری کائنات کے لوگو
کہ لیکے آیا ہے لطفِ عمیم عاشورہ

توقعات سے بڑھکر تری نوازش ہے
تشکرات بقلبِ صمیم ! عاشورہ !

جھکےگی جسکی جبینِ نیاز آج کےدن
رہےگا اُس کا ہمیشہ "ندیم” عاشورہ

تمام رنج و الم کےنشاں ہوئےکافور
بنا ہے راحتِ قلبِ یتیم ،، عاشورہ

فریدی توبھی جھکادے سَرِ وفا اپنا
رکھےگاتجھ پہ بھی دست کریم عاشورہ

حَریم .. مقدس جگہ
کتابِ ضخیم .. کثیر اوراق پر مشتمل کتاب ،، موٹی کتاب ..
قسیم .. تقسیم کرنے والا
بہشتی نعیم ، جنت کی نعمتیں
لطفِ عمیم .. عام لطف وکرم
ندیم .. ساتھی ، مددگار

Leave a Comment