فضلِ خدا کا چاند نِکلا ہے

Rab ki ata ka chand nikla hai by fareedi

آمد مصطفی مر حبا مرحبا تمام اہلِ محبّت کو‛ ربیعُ النّور شریف کا چاند بہت بہت مبارک ہو

محبت کا،عنایت کا،عطا کاچاند نکلا ہے
ربیع النور میں،فضلِ خدا کاچاند نکلا ہے

زبان وقلب پرہیں، آمدِ سرکارکے نغمے
صدائےمرحبا، صد مرحبا،کا چاند نکلا ہے

خدا نےانکو بھیجا رحمۃاللعلمیں کرکے
زمانے کےافق پر آسرا کا چاند نکلا ہے

حبیب اللہ کی آمد مبارک ہو مسلمانو
غموں میں اک نویدِ جانفزا کا چاند نکلا ہے

انہی کو دید ہوتی ہے کہ جنکا عشق ہے سچا
نظر والوں کو آقا کی لِقا کا چاند نکلا ہے

فدا اِس چاند کے اوپر سبھی مہر و مہ و اختر
نبی کےجلوۂ معجِز نما کا چاند نکلا ہے

نیا کوئی نبی ہرگز نہ ان کے بعد آئے گا
کہ خاتم بن کے میرے مصطفیٰ کا چاند نکلا ہے

وہی اصلِ نبوت بھی، گل ختمِ نبوت بھی
سبھی کے بعد، سب سے ابتدا کا چاند نکلا ہے

نقیبِ مژدۂ آمد پہ ہے سارا جہاں مائل
مرے سرکار کی آوازِ پا کا چاند نکلا ہے

زمانےکو بتا دو مصطفیٰ سے پیار ہے کتنا
بیانِ عشق، اظہارِ وفا کا چاند نکلا ہے

نبی کے نام لیوا انکی سیرت کو بھی اپنائیں
عمل کے باغ کی نشوونما کا چاند نکلا ہے

جوغافل ہیں جو بھٹکے ہیں وہ آئیں راہِ سنت پر
ہدایت کے لئے صدق و صفا کا چاند نکلا ہے

کوئی خالی نہ لوٹے گا، دعاکوئی نہ رد ہوگی
زہے قسمت ، ادائے مدّعا کا چاند نکلا ہے

بہت محبوب ہے اللّٰہ کو ذِکرِ جمیل ان کا
مناؤجشن، محبوبِ خدا کا چاند نِکلا ہے

سِتارے انبِیا کے، سب اسی جلوے سے ہیں روشن
نبوّت کے فلک پر مصطفٰی کا چاند نِکلا ہے

سِکھایاتھاعلِی نےجو سبق صہبا کے مکتب میں
اسی فرضِ محبّت کی ادا کا چاند نِکلا ہے

تسلی پاگئےبِیچین دِل، صبحِ بہاراں سے
ہر اک مظلوم وبیکس کی دعا کا چاند نِکلا ہے

فرشتے لیکے آئے محفِلِ میلاد کے پرچم
مبارک ہو کہ شاہ انبیاء کا چاند نکلا ہے

برستےہیں کرم کے پھول سب اہلِ محبت پر
منافِق جو بھی ہے اسکی سزا کا چاند نِکلا ہے

جو ہے باغی نبی کا، بس اسی پر ہے جلن طاری
وفاداروں کی ایمانی ضیا کا چاند نِکلا ہے

وقارِ قوم ومِلت ، عیدِ میلادالنبی سے ہے
یقینًا شوکتِ حق کی بقا کا چاند نِکلا ہے

مِٹے کفر وضلالت کے اندھیرے جِسکی آمد سے
چلودیکھیں کہ پیغام ہُدٰی کا چاند نِکلا ہے

فریدی لِکھ رہا ہے نعت میں ہررنگ کے نغمے
قلم خوش ہے کہ توصیف وثنا کا چاند نِکلا ہے

2 خیالات ”فضلِ خدا کا چاند نِکلا ہے“ پر

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔