یاد سیدنا امام حَسَن

Yad e imam e hasan by fareedi

نذرِ عقیدت، در بارگاہِ دلبند مصطفی،،، نورِ چشم مرتضی ،،، گل گلزار زہرا ،،، شبیہ سید الانبیاء ،،، آفتاب ولایت ،،، مہتاب امامت ،،، حضرت سیدنا امام حسن مجتبی رضی اللہ تعالٰی عنہ

 

ہے جلوہَ کردار ، بہت خوب حسن کا
کونین میں بے مثل ہے اسلوب حسن ک

فردوس فدا، اس گلِ گلزار علی پر
مومن کو ہراک رنگ ہے مرغوب، حسن کا

اربابِ نظر ، اب بھی انھیں دیکھ رہے ہیں
خورشیدِ امامت ، نہیں محجوب حسن کا

کیوں انکے رخِ ناز پہ شیدا نہ ہو عالم
جب حسن ہےسرکار سے منسوب حسن کا

جس سے کہ معطر ہے مشامِ شہِ کونین
ہم سبکو گل ذات ، ہے محبوب حسن کا

اوصاف سمائیں گے نہ قرطاس وقلم میں
اعجاز ، نہ ہو پائے گا مکتوب حسن کا

ہےانکی رضامیں، مرے سرکارکی مرضی
امت کو سدا پیار ہے مطلوب، حسن کا

شبر کی محبت ہے بلندی کی ضمانت
عاشق، نہ کسی سےہوا مغلوب حسن کا

آمادۂ پیکار ہے ہر موج ستم سے
طوفاں سےسفینہ نہیں مرعوب حسن کا

ہے انکے محبین پہ انعام کی بارش
دشمن ہےسدا کیلیے مغضوب، حسن کا

یہ عشق، یہ دیوانگی، قسمت سے ملی ہے
صدشکر، فریدی بھی ہے مجذوب حسن کا

1 خیال ”یاد سیدنا امام حَسَن“ پر

  1. ماشاء اللہ،، سبحان اللہ،، ویبسائٹ ڈیزائن دیکھ کر دل بہت خوش ہوا… آپ کے کلام تو پوچھنا ہی نہیں، رب العالمین مزید درجات بلند فرمائے

    ویب سائٹ لوڈنگ اسپیڈ انکریز کی ضرورت ہے

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔