سند ہیں رضا

شان مجدد اعظم ، سیدی سرکار اعلی حضرت رضی اللہ عنہ

مسلکِ اہلِ حق کی، سَنَد ہیں رضا
معتبر ہیں رضا مُعتَمَد ہیں رضا

گَھٹ سکےگی کسی سےنہ انکی چمک
جلوۂ شانِ ربِّ صَمَد ہیں رضا

کیوں نہ تسلیم انکو زمانہ کرے
راہ حق میں بہت مُستَنَد ہیں رضا

مَظہَر شیرِ یزداں ہے اُنکی حیات
بارگاہِ علِی کے اَسَد ہیں رضا

سنّیت میں ہے انکے دلائل سے جوش
نجد کی ہر خَباثت کا رَد ہیں رضا

عظمتِ حق کی شکلِ مُجَسَّم ہیں وہ
عشق و عرفاں کے روح و جَسَد ہیں رضا

اہلِ اسلام اُن کی قیادت میں ہیں
رہبرِ حق نما ، تا اَبَد ہیں رضا

ذات ان کی ہے مینارۂ امتیاز
حقّ وباطل کےمابین، سَد ہیں رضا

زندگی ایک خورشیدِ حُبِ رسول
عشق کےخوشنما خال و خَد ہیں رضا

عالَمِ فکر و فن خود تعجّب میں ہے
ایسے شَہکارِ عقل و خِرَد ہیں رضا

ان کی رفعت پہ خَم ہے فلک کی جبیں
علم وحکمت میں اعجازِ قَد ہیں رضا

فوجِ حق جنکی نُصرت سے ہے کامیاب
قُوّتِ حق کی ایسی رَسَد ہیں رضا

خِرمَنِ نجد پر، شعلۂ برق ہیں
اہل حق کی سراپا مدد ہیں رضا

گھاؤ ہےجس سے اب بھی دلِ نجد میں
خنجرِ حق کی اک ایسی زَد ہیں رضا

اُنکی عظمت کوہم کیا بیاں کرسکیں
بالیقیں "شانِ ذاتِ اَحَد” ہیں رضا

کیوں نہ تاج الشریعہ پہ قرباں ہو دل
میرے شیخِ طریقت کے جد ہیں رضا

اُن کا چرچا رہے گا قیامت تلک
یادگارِ طَویلُ الاَمَد ہیں رضا

ہے اُنہی کاتَخَیُّل، مری کائنات
فکروفن میں فریدی کی حَد ہیں رضا

اسَد … شیر ، حق نما .. حق دکھانے والے ، اعجاز قد .. علمی قد میں ایسی بلندی پائی ، جو کرشمہ و کرامت بن گئی،خال و خد .. شکل و صورت ،شہکارِ عقل وخرد .. سوچ اور فکر میں بہت اعلٰی ،سَد .. ایسی روک جو ، دو چیزوں کو الگ کردے ، طویل الاَمد .. لمبی مدت،رَسَد .. مدد کے اسباب وذرائع

Leave a Comment