مسلمانوں کے نزدیک ، قرآن کریم کے بعد ، صحیح ترین کتاب ،،، ” بخاری شریف ” پر توصیفی نظم …
جو نہایت شاندار اسلوب اور عمدہ پیرائے میں لکھی گئ ہے
بخاری شریف جیسی عظیم کتاب پر ، علمی و فنی گہرائ کے ساتھ فریدی مصباحی کا یہ ایک اور شاہکار کلام ، ارباب علم و دانش ملاحظہ فرمائیں ..
جو محفل ختم بخاری ،، جامعہ اشرفیہ مبارکپور اعظم گڈھ کے لیے لکھی گئ ہے …
اَسرارِ نبوت کا صحیفہ ہے بخاری
ازہارِ رسالت کا حدیقہ ہے بخاری
قرآن کے بعد اِسکی صحت سب سے مُسَلَّم
موصوف باَوصافِ فریدہ ہے بخاری
آدابِ درِ ســـرورِ کونیـن سـکھائـے
تعلیمِ محبت کا جریدہ ہے بخاری
حق کے متلاشی کو عطا کرتی ہے منزل
اک مر شــدِ افـکارِ سـلیمہ ہے بخاری
خودصاحبِ قرآں سے سند اِسکو ملی ہے
مقـبـولِ درِ شـــاہِ مــدینہ ہـے بخاری
ادراک بھی دامن جہاں پھیلائے ہوے ہے
حکمت کا وہ نایاب ذخیـرہ ہے بخاری
اَسناد میں اعلیٰ ہے شرائط میں ہے جامع
مَـبنِی بہ احادیثِ صـحیحہ ہے بخاری
ممتاز ہـے یہ ضبطِ احادیث کے فن میں
اُسلوبِ نگارش میں وحیدہ ہے بخاری
آیات و احادیث میں تطبیق نرالی
تِبیـانِ مـعـانیِّ دقـیـقہ ہـے بخاری
اِجمال کی تفصیل ہے مُبْہم کی وضاحت
تنـویـرِ افــاداتِ انیــقہ ہـے بخـاری
عالِم ہوں کہ مفتی کہ محدث کہ مجدد
ہاں سب کے دلائل کا وثیـقہ ہـے بخاری
ہر لفظ ہے اک نغمـۂ توصیٍف رسالت
سرکار کی عظمت کا قصیدہ ہـے بخاری
مہر ومہ وانجم بھی ضیا لیتے ہیں اِس سے
اِک پیـکـرِ انـوارِ بدیـعہ ہـے بخاری
ہر طالبِ حق کے لیے معیارِ ہدایت
ایماں کی حفاظت کا ذریعہ ہے بخاری
ہم کیوں نہ اِسے اپنے دل و جاں میں بسائیں
دارین کی شوکت کا وسیلہ ہـے بخاری
فتنوں کی ہر اک موج پہ دائم جو ہے غالب
ملت کے لیے ایسا سفینہ ہے بخاری
ہم اِسکی صداقت پہ یقیں رکھتے ہیں اِتنا
دیدہ سے ہـے بڑھکر ، جو شنیدہ ہے بخاری
احوالِ پیمبـر کی ہے یہ شاہدِ عینی
آئیــنـۂ عــاداتِ کــریـمہ ہـے بخاری
ہیں اِس میں عیاں سیرتِ سرکار کے جلوے
اْس ذات کی اک عکسِ جمیـلہ ہے بخاری
وہ بدر کی وادی ہو کہ میدانِ احد ہو
اُن سارے مناظر کی بصیرہ ہے بخاری
ہیـں درج یہـاں غیبِ نبوت کی حکایات
آئنـدہ زمانوں کی خبیـرہ ہے بخاری
کرتے ہیں یہ اوراقِ احادیث ،، تَکلُّم
ارشــادِ رســالت کی خـطیبہ ہـے بخاری
وہ عشق ، وہ سرمستیِ احوالِ صحابہ
اک نقــشــۂ ایـّامِ جــلیلہ ہـے بخاری
لفظوں میں سماتے ہی نہیں اِسکے فضائل
اسـلام کا بـے مثـل نگینہ ہـے بخاری
افکار وقلوب اِس سے سنورتےہی رہیں گے
عــرفـانِ شـریعـت کا خـزینہ ہـے بخاری
ہو اِس کے مؤلِف پہ سدا بارشِ رحمت
گلـزارِ فیوضـاتِ چُنیـدہ ہـے بخاری
باطل کےاندھیروں میں نہ گُم ہوگا کبھی حق
مہتـابِ ھُـدٰی بن کے دمیدہ ہـے بخاری
پڑھتےرہو دن رات، سبق اِس کا فریدی
جاں بخش ، دل افروز وظیفہ ہے بخاری
ٹائپنگ منیر الاسلام رضوی مدنا پور بنگال …
अल्लाह तआला आपको मज़ीद तरक़्क़ीयाँ अता फरमाए आमीन