سید الاولیاء، کنز المعارف ، برہان الواصلین ، ہم عصر غوث اعظم ، محبوب مصطفی ، قطب الاقطاب ، گل گلشن حسنین ، حضرت علامہ مفتی قاضی سید احمد کبیر رفاعی رضی اللہ تعالی عنہ کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت
بموقعہ عرس پاک، ۲۲ جمادی الاولی …
اللہ کے بے مثل ولی شیخ رفاعی
آٸینۂ کردارِ نبی، شیخ رفاعی
اسرارِ ہنر ، چشمِ بصیرت سے ہُوَیْدا
تصویرِ کمالات علی شیخ رفاعی
ہرلحظہ نیے رنگ میں اس حسن کا جلوہ
حسنین کے گلشن کی کلی شیخ رفاعی
سرکار نے خود انکی ولادت کی خبر دی
ہیں ایسے سعید اور نقی شیخ رفاعی
رکھتےتھےعجب سوزِ دروں، عشق نبی میں
تھے عکسِ اویس قرنی شیخ رفاعی
اُنکے لیے نکلا یدِ سرکار لحد سے
محبوب رسول عربی شیخ رفاعی
اس خاص عنایت پہ تصدق دلِ عالم
فیضانِ نبوت کے دھنی شیخ رفاعی
کی غوث نے بھی انکے کمالات کی تعریف
ہیں جملہ مشاٸخ کے رضی شیخ رفاعی
فطرت میں بسے گوہرِ اوصاف طریقت
انوار شریعت کے غنی شیخ رفاعی
رازیّ و غزالی بھی اسیر انکے ہنر کے
ہیں سلسلۂ فن کی کڑی شیخ رفاعی
افلاک کی مانند کرم ان کا ہے چھایا
برسات کے جیسے ہیں سخی شیخ رفاعی
سرگرمِ عمل، حق کی حمایت میں مسلسل
تھے صابر وخود دار و جری شیخ رفاعی
محراب جناں ، انکی عقیدت کا سفینہ
ملت کے لیے نوح نجی شیخ رفاعی
کم ہوگا نہ تا حشر کمالوں کا اجالا
ہیں نیَّرِ برجِ ابدی شیخ رفاعی
ہرنقش,فروغِ دلِ مسلِم ہے فریدی
اک جلوۂ پیغام خودی شیخ رفاعی
محمد سلمان رضا فریدی صدیقی مصباحی بارہ بنکوی، مسقط عمان