زندہ دلی کوحسین کہتے ہیں خصوصی پیشکش برائے محرم الحرام

جمالِ روئے نبی کو حسین کہتے ہیں
کمالِ علمِ علی کو حسین کہتے ہیں

ادا  ادا سے نمایاں صداقتِ صدیق
عُمَرکےکوہِ خودی کوحسین کہتے ہیں

سخاوت ایسی کہ گھربار راہِ حق میں نثار
سراپا جُودِ غنی کو حسین کہتے ہیں

حَسَـن کی حکمت و تدبیر کا مکمـل عکـس
بڑے حلیم و ذکی کو حسین کہتے ہیں

وہ جان دے کے بچالائے کشتئ اسلام
شبیہِ نوحِ نجی کو حسین کہتے ہیں

بلند جس سـے ہوا ہے مقام اسماعیل
اُسی وفاکی کڑی کو حسین کہتے ہیں

خدا کی خاص عطا بن کے اتری ہے وہ ذات
نبی کے فیضِ جَلی کو حسین کہتے ہیں

ہیں نجم آیتِ تطہیر ، چَرخِ فطرت میں
فضیلتوں کے دھنی کو حسین کہتے ہیں

وہ جس سے خوش ہوں تو آقا بھی اُس سے خوش ہوجائیں
شـہِ عــرب کـے رَضـی کـو حسیـن کہتـے ہیں

جہـانِ کفـر سـے کـردار اُن کا لـڑتا ہے
سدا سدا کےجری کوحسین کہتے ہیں

نصابِ غلبۂ ملت ہے مصحفِ سیرت
وقارِ دینِ نَقی کو حسین کہتے ہیں

غمِ حیات کا مرہم ہے اُن کا اسم شریف
دُکھوں کی چارہ گری کو حسین کہتے ہیں

ہے گرم جس سے مسلمان کی رگوں کا لہو
فریدی ! زندہ دلی کو حسین کہتے ہیں

       

ذَکی ..  ذہین و تیز فہم
جُودِ غنی .. حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی سخاوت
جلی ..  روشن ، مکمل ظاہر
شبیہ .. مانند ، عکس ،
چَرخِ فطرت ، آسمانِ ہستی ،
مُصحَفِ سیرت .. دستورِحیات،
رَضی ..  محبوب ،  پسندیدہ
دینِ نقی … خالص دین

Leave a Comment